
مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الزام ہمیشہ اس وقت لگایا جاتا ہے جب ہمیں پسند نہیں کیا جاتا، سب کا انتخابی نشان بیلٹ پیپر پر ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کسی کو جیل بھیجنے والے نہیں، ہم نے میدان میں مقابلہ کرنا ہے، کسی کے ہاتھ پاوں بندھے ہوئے نہیں ہونے چاہیے، ہم سمجھتے ہیں کہ سب کو الیکشن میں آنا چاہیے اور برابر موقع ملنا چاہیے۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ کوئی 9 مئی کے واقعات میں ملوث ہے تو وہ عدالت سے ریلیف لے، آج ہم نے سندھ اور بلوچستان کی سیاسی صورت پر بات چیت کی۔
ہماری کوئی بی، سی یا ڈی ٹیم نہیں، اگرکسی کوسیٹ ایڈجسٹمنٹ کی ضرورت ہوئی اوراس نے رابطہ کیا تو پارٹی غورکرے گی، سیاسی رہ نماوں کے درمیان ملاقاتیں ہونی چاہیے۔
پاکستان نے افغان بہن بھائیوں کی میزبانی کی، اپنا فرض ادا کیا ہے، سیاسی برادری سے رابطہ رہنا چاہیے، ملاقات بھی ہونی چاہیے، سیاسی میٹنگز تو باقاعدہ طور پر شروع ہو گئی ہیں۔
صحافی نے سوال کیا کہ شاہد خاقان عباسی آج کی میٹنگ میں نہیں تھے، کیا وجہ ہے؟
جس پر سعد رفیق نے جواب دیا کہ کچھ چیزیں میرے علم میں ہیں کچھ نہیں ہیں لیکن شاہد خاقان عباسی کے معاملے پر تبصرہ نہیں کرنا چاہیے۔
صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ واقعی چاہتے ہیں کہ چیئرمین پی ٹی آئی الیکشن میں میدان میں ہو؟
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ الیکشن سب نے ہی لڑنا ہے آپ فکر نہ کریں۔