قومی ائیر لائن(پی آئی اے)کا لاہور، سیالکوٹ اور ملتان کا فلائٹ آپریشن مکمل بحال

قومی ائیر لائن کا لاہور، سیالکوٹ اور ملتان کا فلائٹ آپریشن مکمل بحال ہو گیا ہے، ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے آج 65 پروازیں آپریٹ کرے گا۔
ترجمان کے مطابق آج کچھ غیر شیڈول پروازیں منسوخ کی گئی ہیں،مالی اور انتظامی مشکلات پر قابو پانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
ائیر لائن حکام کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی پروازوں کی منسوخی کی شرح کم ہورہی ہے، گزشتہ 16 روز میں پی آئی اے کی ملکی و غیر ملکی 735 پروازیں منسوخ ہوئیں۔
ائیر لائن حکام کے مطابق کراچی،اسلام آباد،کراچی کوئٹہ،کراچی سکھر،دمام اور دبئی کے لئے پروازیں منسوخ کی گئیں۔
ترجمان پی آئی اے عبداللہ حفیظ خان ہم نیوزپروگرام صبح سے آگے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مالی اور انتظامی مشکلات پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی آئی اے کے 25 جہاز آپریشنل ہیں،پی آئی اے کا عملہ 7 ہزار 900 ہے،انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے میں انتظامی امور چلانے کے لیے اخراجات کی ضرورت ہوتی ہے۔
پی آئی اے آج 65 پروازیں آپریٹ کرے گا، ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی مختلف کمپنیوں سے امور طے ہوتے ہیں۔
ترجمان پی آئی اے عبداللہ حفیظ خان کا کہنا تھا جب تک یہ حکومتی ادارہ ہے اس میں سیاسی مداخلت رہے گی،ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے میں بہترین اور پروفیشنل لوگ کام کررہے ہیں۔